اسلام آباد۔۔۔۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ مسائل کا حل صرف وقتی اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ ملک کے بنیادی نظام کو جمہوری اصولوں کے مطابق درست کرنا ہوگا،جب تک نظام میں بنیادی اصلاحات نہیں کی جاتیں، مسائل بار بار سامنے آتے رہیں گے،جب تک سب ساتھ نہیں بیٹھیں گے، ملک ایسے ہی چلتا رہے گا۔اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی اکنامک سمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ 70سے 80برسوں سے کئی مسائل مسلسل چلے آرہے ہیں، ہم سب جمہوریت کے حامی ہیں، لیکن جمہوری نظام کے اندر بھی مختلف طریقہ کار اور ڈھانچے موجود ہوتے ہیں جن پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا نام عالمی سطح پر نمایاں ہو رہا ہے، مختلف شعبوں میں کامیابیاں سامنے آ رہی ہیں، لیکن یہ صرف وقتی بحرانوں سے نمٹنے کی کوششیں ہیں۔ جب تک ملک کے بنیادی نظام کو درست نہیں کیا جائے گا، مسائل برقرار رہیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ ملک کا سیاسی نظام چلانے والے تمام طبقات، سیاسی جماعتیں، کاروباری افراد اور ادارے اس بات کے ذمہ دار ہیں کہ وہ نظام کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران مختلف لوگ سیاسی نظام کو مالی معاونت فراہم کرتے ہیں لیکن اب ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ نظام کی اصلاح کے لیے اپنی آواز بھی بلند کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عام شہری کو بنیادی سہولیات، انصاف اور حکومت تک آسان رسائی چاہیے، مگر آج بھی کئی لوگ دور دراز علاقوں سے کئی گھنٹے سفر کرکے عدالتوں اور سرکاری اداروں تک پہنچتے ہیں۔ عوام کو ان کے علاقوں میں ہی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انتظامی یونٹس کو عوامی سطح تک لے جانا ضروری ہے، کیونکہ جب تک مقامی سطح پر ذمہ داری اور اختیار نہیں ہوگا، مسائل کا موثر حل ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعت میں اربوں ڈالر کی برآمدات کی صلاحیت موجود ہے، لیکن نظام کی رکاوٹوں کے باعث اس صلاحیت سے مکمل فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ کاروباری طبقہ ملک کی معیشت کو آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے اسے قومی فیصلہ سازی میں اہم کردار دینا ہوگا۔محسن نقوی نے نوجوانوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان صرف چند ہزار روپے کی امداد یا سہولیات نہیں چاہتے، بلکہ وہ انصاف، میرٹ، روزگار کے مواقع اور ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں انہیں اپنی صلاحیت کے مطابق آگے بڑھنے کا موقع ملے۔آپ اس نوجوان کو کاکروچ کہہ سکتے ہیں، آپ اسے کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، لیکن میں آپ کو ایک بات بتاﺅں گا کہ اگر یہی کاکروچ ایک یونٹ بن جائے تو یہ سب کچھ بدل سکتا ہے۔وزیر داخلہ نے ملک کے مالی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی نظام میں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہر سال بجٹ خسارے اور قرضوں کے دبا کے ساتھ شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ مسائل کیا ہیں، اب ضرورت ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ہے۔
Pic30-037
ISLAMABAD: Jul 30- Federal Interior Minister Mohsin Naqvi addressing during Pakistan Economic Summit at Jinnah Convention Center, in the Federal Capital. ONLINE PHOTO by Waseem Khan



