DAILY FARZAND E BALOCHISTAN

گوادر پورٹ نے پہلا کامیاب کمرشل بنکرنگ آپریشن مکمل کر لیا

گوادر پورٹ نے پہلا کامیاب کمرشل بنکرنگ آپریشن مکمل کر لیا

گوادر۔۔۔۔۔۔گوادر پورٹ نے پاکستان کی سمندری تجارت میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلا کامیاب کمرشل بنکرنگ (جہازوں کو ایندھن کی فراہمی) آپریشن مکمل کر لیا گوادر پورٹ اتھارٹی کے احکام کے مطابق یہ آپریشن گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA)، نیشنل لاجسٹکس سیل (NLC)، گوادر انٹرنیشنل ٹرمینلز لمیٹڈ (GITL) اور عالمی توانائی کمپنی وٹول ایشیا (Vitol Asia) کے باہمی تعاون سے 9 سے 11 جولائی کے دوران کامیابی سے انجام دیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران دنیا کی معروف کمپنیوں قطر انرجی، ایڈنوک اور وٹول کی مشترکہ ملکیت والے ایل این جی کیریئر “LNG ENUGU” کو گوادر پورٹ پر 2,500 میٹرک ٹن VLSFO ایندھن فراہم کیا گیا۔ 285.4 میٹر طویل اس بحری جہاز کو ایندھن کی فراہمی “Marine Ista” نامی بنکر بارج کے ذریعے کی گئی، جبکہ کسٹمز، بندرگاہی حکام اور مقامی شپنگ ایجنٹ پاک ٹریڈرز گوادر نے آپریشن کو محفوظ اور مو¿ثر انداز میں مکمل کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کامیاب پیش رفت کے بعد گوادر پورٹ اب صرف کارگو ہینڈلنگ تک محدود نہیں رہا بلکہ بین الاقوامی بحری جہازوں کو ایندھن اور دیگر بحری سہولیات فراہم کرنے والے ایک فعال میری ٹائم حب کے طور پر بھی سامنے آ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے پاکستان کے لیے زرمبادلہ اور آمدنی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ عالمی سطح پر گوادر پورٹ کی آپریشنل صلاحیت، جدید انفراسٹرکچر اور سیکیورٹی پر بین الاقوامی اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔ یہ کامیابی سی پیک کے اس وڑن سے بھی ہم آہنگ ہے جس کے تحت گوادر کو خطے کا اہم تجارتی اور توانائی مرکز بنایا جا رہا ہے۔ بندرگاہی حکام کا کہنا ہے کہ یہ گوادر میں باقاعدہ کمرشل بنکرنگ سروسز کا آغاز ہے اور مستقبل میں مزید بین الاقوامی جہاز گوادر پورٹ سے ایندھن حاصل کریں گے، جس سے پاکستان کی بلیو اکانومی، لاجسٹکس، میرین سروسز اور مقامی روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

administrator

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest news