DAILY FARZAND E BALOCHISTAN

شہید 6 مزدوروں میں سے 4 کاتعلق پنجاب اور 2 کا خیبر پختونخواسے ہے،بابر یوسفزئی

شہید 6 مزدوروں میں سے 4 کاتعلق پنجاب اور 2 کا خیبر پختونخواسے ہے،بابر یوسفزئی

کیچ۔۔۔۔۔ضلع کیچ کے شہر تربت کے علاقے ناصر آباد سے 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔پولیس کے مطابق لاشوں پر گولیوں کے نشانات ہیں، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔معاون برائے میڈیا محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ تربت سے ملنے والی لاشیں چھ مزدوروں کی ہیں شہید کئے جانے والے مزدوروں میں سے چار کا تعلق پنجاب اور دو کا تعلق خیر پشتونخوا سے ہے ۔ایک بیان میں بابریوسفزئی نے کہا کہ 7مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے دو روز قبل ضلع کیچ کے علاقے کلاتک سے اغوا کیا تھا ان میں سے ایک مزدور کو اغوا کے فورا بعد فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھاانہوں نے کہا کہ 6مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد اپنے ساتھ لے گئے تھے تمام 6مغوی مزدوروں کو شہید کرنے کے بعد ان کی لاشیں ناصرآباد کے علاقے سے ملی ہے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد دیگر 6 مزدوروں کو ساتھ لے گئے تھے جن کی لاشیں تربت میں ناصرآباد سے ملیں ہیں۔معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ضلع کیچ میں بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت، امن اور بلوچستان کے روشن مستقبل کے دشمن ہیں اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردوں نے نہتے مزدوروں کو شہید کرکے نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع کیں بلکہ بلوچستان کی ترقی، معاشی سرگرمیوں اور عوام کے روزگار کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ افعال سے دہشتگردوں کے مکروہ عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور ریاست پوری قوت کے ساتھ ان کا مقابلہ کرتی رہے گی معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معصوم مزدوروں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست کرنے اور بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاڑ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دشمن عناصر کے ناپاک عزائم عوام، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اتحاد اور مشترکہ کوششوں سے خاک میں ملا دیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت، عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی معاون وزیر اعلیٰ شاہد رند نے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔

administrator

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest news