اسلام آباد ۔۔۔۔۔۔۔۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں مون سون کی بارشوں میں شدت کے پیش نظر وفاقی، صوبائی اور مقامی حکام کو ہدایت کی ہے کہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مربوط تیاریوں، ریسکیو اور امدادی اقدامات کو مزید مو¿ثر اور تیز کیا جائے کیونکہ بڑھتی ہوئی بارشوں کے باعث حساس علاقوں میں اچانک آنے والے سیلاب، بادل پھٹنے، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب (گلوف)، لینڈ سلائیڈنگ، دریاو¿ں میں طغیانی اور شہری سیلاب کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حالیہ بارشوں اور ان کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور گھروں، بنیادی ڈھانچے اور املاک کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز)، صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو ہر ممکن حد تک مو¿ثر بنائیں اور بروقت ابتدائی انتباہات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بارشوں، دریاو¿ں کے بہاو¿ اور بالائی آبی ذخائر میں پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی ضرورت پر زور دیا اور خصوصاً گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر اور زیریں علاقوں کو ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریسکیو اور امدادی وسائل پہلے سے حساس مقامات پر دستیاب رکھے جائیں، کمزور اور خطرے سے دوچار آبادیوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اچانک سیلاب، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب (گلوف) اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات والے علاقوں میں سیاحوں اور دیگر لوگوں کی حفاظت کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں۔ صدر آصف علی زرداری نے اس بات کی بھی ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے ہر وقت چوکس رہیں اور جہاں کہیں بھی انسانی جانوں یا املاک کو خطرہ لاحق ہو وہاں فوری اور مو¿ثر کارروائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور شدید بارش، اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ یا موسم سے متعلق دیگر خطرات کی وارننگ والے علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔ صدر مملکت نے امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو اہلکاروں اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ملک بھر کے عوام کی سلامتی کے لیے دعا کی۔
You can share this post!
administrator



