DAILY FARZAND E BALOCHISTAN

15سال بعد بلھے شاہ ایکسپریس کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے،حنیف عباسی

15سال بعد بلھے شاہ ایکسپریس کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے،حنیف عباسی

لاہور۔۔۔۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام ان مینڈ لیول کراسنگز کو مینڈ کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے،177لیول کراسنگز کو مینڈ کرنے کے لیے 9.7ارب روپے مختص کیے جائیں گے،پنجاب کے 8ریلوے روٹس پر ڈی ایم یوز چلانے کے لیے امپلیمینٹیشن ایم او یو تیار کیا جا رہا ہے،عوام کے بھرپور مطالبے پر 15سال بعد بلھے شاہ ایکسپریس کا لاہور سے دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے ،لاہور سے واہگہ شٹل ٹرین اور راوی ایکسپریس بھی جلد شروع کی جائے گی جبکہ راوی ایکسپریس رواں ماہ کی25یا30تاریخ تک چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلھے شاہ ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی وفاقی وزیر حنیف عباسی سے ملاقات کی ۔وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ نئی کوچز اور لوکوموٹیوز کی شمولیت سے ریلوے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔32کے بجائے64نئی کوچز شامل کی جا رہی ہیں جبکہ دو،دو لوکوموٹیوز کی اوورہالنگ کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ43جی ای یو لوکوموٹیوز کو فریٹ آپریشن کے لیے وقف کیا جائے گا جس سے ریلوے کی آمدن میں کم از کم32 فیصد اضافہ متوقع ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ اگرچہ کوچز اور پاور پلانٹس کی کمی کا سامنا ہے تاہم اگست تک مزید کوچز آپریشنل کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے لاہور ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے دو ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ شاہدرہ سے رائیونڈ تک منصوبے کے لیے بھی پنجاب حکومت مالی معاونت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ خانیوال، راولپنڈی اور گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور اب یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں سے آراستہ ہیں۔سیف اینڈ سمارٹ ریلوے اسٹیشن منصوبے کے تحت ایف ڈبلیو او کے تعاون سے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر 184کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں لاہور، ملتان، خانیوال اور کراچی ریلوے اسٹیشنز پر بھی جدید کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔

administrator

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest news