کوئٹہ۔۔۔۔۔۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں مشرقی پڑوسی کا ہاتھ ہے، سب مل کر فتنے کو ختم کریں گے۔جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس یہاں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان شریک ہوئے ۔ اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بھی شرکت کی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، دہشتگرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے، دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، سیاسی و عسکری قیادت کا عزم ہے کہ ہم نے ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے، ہم نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں، دہشتگردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں دہشتگردی کے سنگین واقعات رونما ہوئے، جن کے نتیجے میں پولیس، پاک فوج کے جوان، شہری شہید ہوئے، مختلف کارروائیوں میں 54 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ آخری فسادی کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ملک میں جلد دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا، پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
Prime Minister Shehbaz Sharif addresses the Provincial Apex Committee under National Action Plan in Quetta to review the security situation in Balochistan on 9 July, 2026.



