DAILY FARZAND E BALOCHISTAN

میں نے جتنا کام 14 ماہ میں کیا محکمہ صحت میں وہ کام 30 سال میں نہیں ہوا، مصطفی کمال

میں نے جتنا کام 14 ماہ میں کیا محکمہ صحت میں وہ کام 30 سال میں نہیں ہوا، مصطفی کمال

اسلام آباد۔۔۔۔۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے دعوی کیا ہے کہ ان کی 14 ماہ کی کارکردگی وزارت صحت کے گزشتہ 30 سالہ کاموں پر بھاری ہے، تاہم انتظامی پیچیدگیوں کے باعث وہ اسلام آباد کی ڈسپنسریوں میں درکار عملہ پورا کرنے سے قاصر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پولی کلینک فیز 2 کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بات کسی تکبر کے بغیر عاجزی کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ ان کی 14 ماہ کی جدوجہد اور کارکردگی وزارت صحت کے پچھلے 30 سالہ دور کے مجموعی کاموں سے کہیں زیادہ ہے، بار بار گزشتہ 20 سال کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے شرمندگی محسوس ہوتی ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ ایسا لگتا ہے جیسے پچھلی دو دہائیوں کا سارا ادھورا کام بھی موجودہ انتظامیہ کے لیے ہی چھوڑ دیا گیا تھا۔اسلام آباد کے مقامی طبی ڈھانچے کی ناقص صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد کی 28 ڈسپنسریز کا بذاتِ خود معائنہ کیا ہے جہاں ہیومن ریسورس طبی و انتظامی عملے کی شدید ترین کمی کا سامنا ہے، ایک سال سے عملے کی تعیناتی کے لیے تگ و دو کر رہے ہیں مگر کامیاب نہیں ہوسکے کیونکہ ہر بار سیکریٹریٹ کی سطح پر پروسیجرل نقائص اور اعتراضات کا بہانہ بنا کر فائلیں دوبارہ بھیج دی جاتی ہیں۔پولی کلینک فیز 2 منصوبے کی تکنیکی و مالیاتی تفصیلات پر انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کی گنجائش بڑھانے کے لیے منصوبے میں 100 مزید بستروں کی گنجائش کا اضافہ کیا گیا ہے، اس توسیعی منصوبے کے باعث فیز 2 کی مجموعی لاگت ابتدائی طور پر طے شدہ 9 ارب روپے سے بڑھ کر 16 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، تمام انتظامی رکاوٹوں کے باوجود یہ اہم طبی منصوبہ 23 مارچ 2027 تک مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

administrator

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest news