شمالی وزیرستان /اسلام آباد۔۔۔۔۔شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 خوارج مارے گئے جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی شاندار کارگردگی ملکی امن و سلامتی کی ضامن ہے ۔جمعہ کو سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا جبکہ اس دوران 7 خوارج مارے گئے۔سکیورٹی فورسز کے مطابق عزم استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ دریں اثناءصدرِ زرداری ، وزیر اعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آپریشن میں 7 خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کےعلاقے عیدک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف منظم کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمارے قومی عزم کی عکاس ہیں،سکیورٹی فورسز نے کارروائی میں فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا جو لائق تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی شاندار کارگردگی ملکی امن و سلامتی کی ضامن ہے،فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام دہشت گرد عناصر کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی،پوری قوم اپنی بہادرمسلح افواج پر فخر کرتی ہے۔شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 7 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کوہلاک کرنے والےوطن کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ فورسز کے بہادر سپوت پوری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
You can share this post!
administrator



