اسلام آباد ۔۔۔۔۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ آئیڈینے جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ آئیڈے کا پاکستان آمد پر گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دریں اثناءپاکستان اور ناروے نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تنازعات کے پرامن حل پر اتفاق کر تے ہوئے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔پاکستان نے ناروے کو بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے، مسئلہ کشمیر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیرِ خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے پہلے سے کشیدہ صورتِ حال میں نئی جہت پیدا کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو ہتھیار بنانا بند کرے، بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ملکوں نے دفاع، تجارت اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔اس موقع پر ناروے کے وزیرِ خارجہ نے ایران امریکا تنازع میں وزیرِ اعظم، فیلڈ مارشل اور پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔قبل ازیں ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایئڈے دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان کا خیرمقدم کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر 13 سے 14 اگست تک پاکستان کا سرکاری دورہ کررہے ہیں۔
You can share this post!
administrator



